Sifar: Urdu Article on Meeraji by Nadia Umber Lodhi

Sifar: Urdu Article on Meeraji by Nadia Umber Lodhi

صفر

وحشت میں انسان کاآخری سہارا مذہب ہوتا ہے اور جس کے پاس یہ سہارا نہ ہو تو اس کی داخلی شخصیت ٹوٹ پھوٹ جاتی ہے – میراں جی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا انہوں نے اپنی وحشت کوخود پر طاری کرلیا اور اسی وحشت نے انہیں ختم کردیا – میراں جی کے ظاہری حلیے کا پراگندہ پن ، ان کی عجیب عادتیں ، صاف گوئی اور غربت نے انہیں لوگوں کی نظروں میں منفی تاثرات کی حامل ایک مجہول سی شخصیت بنا دیا تھا – لوگ ان کے من میں چھپے حساس دل تک نہ پہنچ سکے اور میراں جی مر گئے –
میراں جی کی شاعری اور ان کی نظموں کی انوکھی فضا ، ان کے مضامین میں تنوع ، ان کی وسیع سوچ اور جدیدیت سے بھرپور تنقیدی شعور نے انہیں اردو ادب کے جدید شاعروں کی پہلی صف میں لا کھڑا کیا –

میراں جی کی شخصیت نفی ِ ذات کا منہ بولتا ثبوت تھی اور ان کی شاعری اس سے بھی آگے کی چیز ہے –
میراں جی کے شعور نے انہیں مصرعوں کی کانٹ چھانٹ سے آزاد کیا اور نظریہ شونیتا نے ان کے الفاظ کو امر کردیا -شونیتا یعنی سوچنے کا ایسا قاعدہ جس کی رُو سے ایک ایسی سوچ تک آگہی کہ اس کائنات میں کچھ بھی ،یعنی کوئی شے ،کوئی بھی خیال ،کوئی بھی نظریہ ،کوئی بھی تصور ،کوئی بھی اصول قائم بالذات نہیں ہے یعنی کسی شے کی کوئی اصل نہیں ہے – شونے کا مطلب ہندی میں صفر ہے – مطلب زیرو – شونیتا شونے سےہے zero جو ایک عددی علامت ہے۔ شونیہ کے ایک معنی تو یہ ہے کہ 0 – یعنی کہ نہیں ہے – اس کے مطابق اس کائنات میں موجود ہر چیز معدوم ہے- ہر شے پر غیاب کا پردہ پڑا ہوا ہے۔ حقیقت کی اصل محض ایک واہمہ ہے- اپنی مطلق حیثیت سے شونیتا انسانی وجود میں (جو عارضی وجود ہے) عدم وجودیت یا آزادی مطلق کاا حساس ہے۔

اس آزادی کے احساس کو میراں جی نے اپنی شخصیت پر بھی طاری کیا اور اپنے فن میں بھی اس کو لاشعوری طور پر برتا ہے – لیکن اس کی بنیادیں شونیتا کی جڑوں سے جڑی ہوئی ہیں – شونیتا کی یہ نفی محض “نہیں “ میں نہیں ہے بلکہ وجود یا وجود کے احساس سے ورا جو وجود ہے اس کا احساس ہے، اس کی نفی بھی ہے۔ شونیتا کے تصور کو بہتر طور سمجھنے کے لیے ہمیں یوں سمجھنا چاہیے کہ حقیقت یا وجود اپنی جگہ پر ہے لیکن شونیتا کی فہم کے بغیر اس کا علم ممکن نہیں ہے شونیتا انسانی وجود میں (جو عارضی وجود ہے) عدم وجودیت یا آزادی مطلق کااحساس ہے – اسی آزادی کے احساس کو جینے کی کوشش میں میراں جی نے اپنی عجیب وغریب وضع قطع بنا کر اپنی ذات کی نفی کرنے کی کوشش کی – وہ شونیتا کے تصور سے بخوبی واقف تھے ان کے اشعار پر ہندی کے اثرات واضح ہیں الفاظ کے چناؤ سے خیالات تک – وہ خود کو ایک آزاد روح سمجھتے تھے لیکن جب آزاد ہو نہیں پاتے تھے تو اپنی نفی کرنے لگتے یہ ہی انداز انُکی نظموں کی انفرادیت ہے –

اندرونی کشمکش بیرونی ماحول کی شدت پسندی کے ساتھ ہم آہنگ نہیں ہوتی بلکہ نفی اور اثبات کا کھیل کھیلتی رہتی ہے – یہ ہی کھیل میراں جی کے وجود میں جاری رہتا تھا کبھی ان کے من موجی فطرت حاوی ہو جاتی اور کبھی زیر – جس کا اندازہ میراں جی کی حالت ناگفتہ بہ سے ہوتا – وحشت کی بھرمار ان کے وجود میں ایسی آگ بھر دیتی کہ وہ اس آگ کو آنسووں سے بجھانے لگتے – سکون آور کیف کے لیے شاید ان کے پاس اور کوئی حل نہیں تھا یا وہ وجود کی نفی کرتے کرتے تھک جاتے تھے – شونیتا کے تصورات میراں جی کے مضامین میں بھی نمایاں ہو کر سامنے آئے ہیں ۔ ان کی نظر مغربی تنقیدی افکار پر بہت گہری تھی اور نظم نگاری کے فن سے وہ بخوبی واقف تھے – ان کی نظمیں گہری معنویت لیے ہوئے ہیں جن کی تہہ میں کئی عناصر بکھرے ملتے ہیں جن میں نفی کا جذبہ شدت سے ابھر تا چلا جاتا ہے اور اثبات کی طرف بڑھتے ہوئے ان کے قدم روک دیتا ہے وہ صفر کی دہلیز پر کھڑے ہو کر سوچتے ہیں کہ سب شونے ہے- لیکن وہ آس اور امید کا دامن بھی تھامے رکھتے ہیں –

 

میراں جی کے چند مصرعے

———
کیوں خواب فسوں گر کی قبا چاک نہیں ہے
کیوں گیسوئے پیچیدہ و رقصاں
نمناک نہیں ہے
اشک دل خوں سے
کیوں لمس کی حسرت کے جنوں سے
ملتی نہیں مجھ کو
بے قید رہائی
ملبوس پہ کرنوں کی تمازت
ہے دام نظر کا
اور صبح شب عیش کو گیسو کا مہکتا ہوا جھونکا
مرہون سحر کا
ہوتا ہی نہیں ہے
کیوں دھوئے نہ پیراہن آلودہ کے دھبے
مخمور مسرت
کرنوں کی تمازت
بن جائے نہ کیوں رنگ شب عیش کا اک عکس مسلسل
مجبور اذیت
تو مان لے اس عکس کا منظر
دیتا ہے تجھے جام چشیدہ کی سی لذت
کیوں سوچ رہا ہے
جھوٹا ہے یہ پیالہ
( میرا جی )
——
نادیہ عنبر لودھی
اسلام آباد

 

You may also like...