Aik Shaira Ke Liye: Urdu Nazm by Parveen Shakir

ایک شاعرہ کے لئے –  پروین شاکر

بھیڑیے اور ہرنی کی دوستی کبھی نہیں ممکن ہے
ذرا سی چھاؤں کی آس میں تُو نے
کیسے گھر کو چھوڑا
مانا کہ دیوار تھی کچّی
اور ٹپکتی رہتی تھی چھت

 

parveen-shakir-poems-for-her-son

Parveen Shakir – Poems for her Son

 

خواب گاہ میں شام شام تک دھوپ بھری رہتی تھی
لیکن وہ مٹّی جس پر یہ گھر اِستادہ تھا
جس پر تیرے پاؤں جمے تھے
وہ تو تیری اپنی تھی
سدا محبّت کرنے والی
ماں کی طرح تیرے سب تیکھے لہجوں کو
ہنس ہنس کے سہہ جاتی تھی
تیرا آنچل
جب بھی کسی کانٹے سے اُلجھا
یا تیری بے خبری میں سر سے ڈھلکا
کون تھا جس نے تیری ردائے عفّت ڈھونڈی
آندھی اور سیلاب کے بڑھتے ریلے میں
تیرے وجود کے ننّھے سے پتّے کو کس نے تھاما تھا
شہر کا شہر جب تجھ پہ باتیں کرتا تھا
کس نے تیرے سر پر ہاتھ رکھا تھا
جب بھی بارش تیز ہوئی تو تیری خاطر
کس کے بازو پھیلے تھے
جب بھی زور ہوا نے باندھا
تیرے گھر کے سارے دِیوں کو کس نے جلائے رکھا تھا
تیرے اِک اِک شعر کو کس نے سرمۂ چشم بنایا تھا
آج وطن پر وقت پڑا تو
تجھ کو اپنا مستقبل تاریک دکھائی دینے لگا
ماں کی خدمت
پھولوں اورتحفوں سے کب ہو سکتی ہے
اُسے تو تیرے لمس کی حدّت ہے درکار
تجھے نئی دُنیا کی مبارکباد
مگریہ بات گرہ میں باندھ کے رکھ لے
جس جنگل کو تُو نے اپناگھرسمجھا ہے
بھیڑیوں اور ریچھوں سے بھرا پڑا ہوا ہے

 

 

 

You may also like...